اسلام آباد / کابل (نیوز ڈیسک): پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان اہم سہ فریقی مذاکرات 20 اگست کو افغان دارالحکومت کابل میں منعقد ہوں گے، جس میں علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے اور اقتصادی تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں چینی وزیرِ خارجہ، پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور افغان وزیرِ خارجہ شریک ہوں گے۔ یہ اعلیٰ سطحی ملاقات خطے میں بدلتے ہوئے حالات اور سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
دہشت گردی اور سی پیک کی توسیع پر گفتگو متوقع
سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے، بالخصوص کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) اور بلوچ علیحدگی پسند گروپوں کے خلاف مؤثر کارروائی پر زور دیا جائے گا۔
پاکستان اس موقع پر افغان حکومت سے ان گروپوں کے خلاف سخت اقدامات کی درخواست کرے گا، جنہیں پاکستان اپنی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔
علاوہ ازیں، چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی افغانستان تک توسیع پر بھی بات چیت متوقع ہے، جو تینوں ممالک کے مابین اقتصادی انضمام کو فروغ دے سکتی ہے۔
چینی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان بھی طے
چینی وزیر خارجہ سہ فریقی مذاکرات کے بعد 21 اگست کو پاکستان کا سرکاری دورہ بھی کریں گے، جہاں وہ اعلیٰ پاکستانی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ اس دورے میں دو طرفہ تعاون، تجارتی شراکت داری، اور خطے میں امن و استحکام کے امور زیر غور آئیں گے۔






