اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

78واں یومِ آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ،قوم جشن میں رنگ گئی

پاکستان بھر میں آج 78واں یومِ آزادی شاندار قومی جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ رواں برس کی تقریبات کو "معرکۂ حق کی عظیم فتح” سے منسوب کیا گیا ہے، جس کا مقصد قوم کے اتحاد، قربانیوں اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

جیسے ہی گھڑی نے رات 12 بجائے، ملک کے کونے کونے میں "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے گونجنے لگے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر آزادی کا جشن منایا، ریلیاں نکالی گئیں، ثقافتی تقریبات اور میوزیکل شوز کا انعقاد کیا گیا، جبکہ نوجوانوں نے ملی نغموں کی دھن پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

یومِ آزادی کا باقاعدہ آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نمازِ فجر کے موقع پر ملک کی ترقی، استحکام، یکجہتی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

سرکاری و نجی عمارتوں، گلیوں، سڑکوں اور شاہراہوں کو رنگ برنگی روشنیوں، سبز و سفید پرچموں، بینرز اور قومی ترانوں سے سجا دیا گیا۔ بچوں، خواتین اور نوجوانوں نے قومی لباس زیب تن کیے، بیجز لگائے اور جھنڈیاں تھامے ملک بھر میں ہونے والی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

مزارِ قائد پر مرکزی تقریب اور دفاعی نمائش

یومِ آزادی کی مرکزی تقریب مزارِ قائد کراچی میں گارڈز کی تبدیلی سے ہوئی، جہاں پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
اس موقع پر مختلف سیاسی، عسکری و سماجی رہنماؤں نے قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور ان کی بے مثال قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ایک شاندار دفاعی نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا ہے، جس میں عوام کو پاک فوج کی جدید جنگی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کے مظاہرے دیکھنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

پارلیمان اور عوام کا عزم

ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی تقریبات میں بانیانِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جب کہ قومی اسمبلی میں "معرکۂ حق” اور یومِ آزادی کے حوالے سے اتفاقِ رائے سے قرارداد بھی منظور کی گئی، جس میں شہداء کو سلام اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

قوم نے ایک مرتبہ پھر اس عہد کو دہرایا ہے کہ پاکستان کے دفاع، سالمیت اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر دشمن نے کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی، تو پوری قوم متحد ہو کر بھرپور جواب دے گی۔

دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی شرکت

دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے بھی 78ویں یومِ آزادی کو بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا۔ بیرونِ ملک پاکستانی سفارت خانوں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جن میں قومی ترانے، پرچم کشائی اور پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button