مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری ،پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان
اسلام آباد: ! 16 اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے، جس سے روزمرہ اخراجات میں خاطر خواہ ریلیف ملنے کی امید کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں گزشتہ 11 روز کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
امریکی خام تیل (WTI) کی فی بیرل قیمت 5.71 ڈالر کی کمی کے بعد 69.26 ڈالر سے گھٹ کر 63.48 ڈالر ہو گئی ہے۔
اسی طرح برطانوی برینٹ کی قیمت میں بھی 5.72 ڈالر کی کمی دیکھی گئی ہے، اور اب یہ 71.70 ڈالر سے کم ہو کر 65.98 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں جاری کمی کا اثر پاکستان میں پٹرول، ڈیزل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتا ہے۔
اوگرا پٹرولیم قیمتوں سے متعلق حتمی ورکنگ 15 اگست کو وزارتِ خزانہ کو ارسال کرے گا، جس کے بعد وزیرِ اعظم کی منظوری سے 16 اگست سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگا، جو 31 اگست تک نافذ العمل رہیں گی۔
عوامی حلقے توقع کر رہے ہیں کہ حکومت اس موقع پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے مہنگائی کے بوجھ کو کم کرے گی، جو عام آدمی کے لیے بڑی راحت ثابت ہو سکتی ہے۔






