اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پنجاب میں مون سون کا نیا اسپیل، پی ڈی ایم اے نے فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی

لاہور: صوبہ پنجاب میں مون سون بارشوں کے ساتویں اسپیل کے پیشِ نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا نیا اسپیل 13 اگست سے شروع ہوگا، جس کے نتیجے میں دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اور ان سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ متوقع ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ محکمے فوری طور پر پیشگی انتظامات مکمل کریں اور ایمرجنسی کنٹرول رومز میں 24 گھنٹے عملہ موجود رکھا جائے۔ انہوں نے ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

فلڈ ایڈوائزری کے تحت صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں نہانے سے گریز کریں۔ ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر دریائی پاٹ میں رہائش پذیر افراد اور مال مویشیوں کا بروقت انخلاء یقینی بنایا جائے۔

عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوراً پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں تاکہ فوری امدادی کارروائیاں عمل میں لائی جا سکیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام کو وقتاً فوقتاً آگاہ کیا جاتا رہے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button