گنڈاپور نے تابعداری چھوڑی تو اگلے دن عدم اعتماد آ جائے گی: گورنر خیبرپختونخوا
اسلام آباد / بھٹ شاہ (ویب ڈیسک) – گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خبردار کیا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اگر وفاقی حکومت کی تابعداری ترک کرتے ہیں تو ان کے خلاف اگلے ہی روز تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں تبدیلی صرف ایک اشارے کی دیر ہے، ہم جب چاہیں حکومت گرا سکتے ہیں۔ "گنڈاپور اسلام آباد کے اشاروں پر چلتے ہیں، اور جیسے ہی وہ راستہ بدلیں گے، اقتدار کا انجام سامنے ہوگا۔”
گزشتہ روز بھٹ شاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا، "قلعہ بالا حصار سے بھاگنا ہو یا ڈی چوک پر سرگرمی، علی امین گنڈاپور ہمیشہ ہدایت پر عمل کرتے ہیں۔ اگر انہوں نے تابعداری چھوڑ دی تو عدم اعتماد ان کا منتظر ہوگا۔”
پی ٹی آئی کے سینیٹرز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کنڈی نے انکشاف کیا کہ "پی ٹی آئی کے چھ میں سے ایک سینیٹر حلف تک نہیں اٹھا سکتا، جبکہ باقی میں سے ایک سینیٹر ہمارے ساتھ ہے، جو وقت آنے پر ہمارا ساتھ دے گا۔”
ان بیانات کے بعد سیاسی حلقوں میں خیبرپختونخوا حکومت کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، اور ممکنہ عدم اعتماد کی چہ مگوئیاں تیز ہو گئی ہیں۔





