شیر افضل مروت کی واپسی کے دروازے بند، پی ٹی آئی نے دو ٹوک مؤقف اپنا لیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح کر دیا ہے کہ شیر افضل مروت اب پارٹی کا حصہ نہیں ہیں، یوں پارٹی میں ان کی ممکنہ واپسی سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا بیان پارٹی کے حالیہ پارلیمانی اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں بعض رہنماؤں نے شیر افضل مروت کی واپسی پر مشاورت کی۔ اجلاس میں اسد قیصر، شہریار آفریدی اور نثار جٹ سمیت دیگر رہنماؤں نے تجویز دی کہ شیر افضل کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت نے عندیہ دیا ہے کہ اگر پارٹی کے اندر سے ان کے خلاف بیانات آتے رہے تو وہ جواب دینے پر مجبور ہوں گے۔ اس تناظر میں پارلیمانی پارٹی نے ان سے تحمل اور خاموشی کی اپیل کی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پارلیمانی اراکین اس معاملے پر بانی چیئرمین عمران خان کو بھی بریف کریں گے تاکہ کوئی حتمی فیصلہ لیا جا سکے۔
تاہم سلمان اکرم راجہ کے حالیہ اور دو ٹوک بیان کے بعد صورتحال واضح ہو چکی ہے کہ فی الوقت شیر افضل مروت تحریک انصاف کا حصہ نہیں ہیں، اور پارٹی قیادت اسی پالیسی پر قائم ہے۔





