فواد چوہدری کا کڑا بیان: "سب عدلیہ جیل ٹرائل میں مصروف، ہم ظالم حکومت اور نااہل اپوزیشن کے بیچ پس رہے ہیں”
لاہور — استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے حکومت اور اپوزیشن دونوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا عدالتی نظام شدید نقصان اٹھا رہا ہے اور عام آدمی کا انصاف پر سے اعتبار اٹھ چکا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عدلیہ جیل ٹرائل میں مصروف ہے اور وہ ظالم حکومت اور نااہل اپوزیشن تحریک انصاف کے درمیان دباؤ کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنا ظلم کم نہیں کر رہی اور پورا نظام انصاف شرمندہ حال ہے۔
پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لیڈر احتجاج کا اعلان کرتے ہیں لیکن اکثر اوقات وہ خود اڈیالہ جیل میں ہوتے ہیں اور باہر کارکن پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، "یہ سیاست نہیں وکالت ہے، جس میں کارکن ہمیشہ متاثر ہوتے ہیں۔”
فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو الیکشن کمیشن کے خلاف ثبوت پیش کرنے کے لیے ہندوستان کے راہول گاندھی والا لائحہ عمل اپنانا چاہیے تھا تاکہ انتخابی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ عوام اور حکومت کے درمیان فاصلے نے ملک کو کسی بھی غیر متوقع واقعے کے لیے حساس بنا دیا ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ تحریک چلانے سے پہلے مکمل تیاری ضروری ہوتی ہے، لیکن یہاں بانی تحریک انصاف جیل میں ہونے کے باوجود کارکنوں کو موثر انداز میں منظم نہیں کیا جا رہا۔






