اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

مقبولیت بے گناہی کی دلیل نہیں، شیطان بھی مقبول ہے: طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار مقبول ہونے کی بات کی جاتی ہے، مگر مقبولیت کا مطلب بے گناہی نہیں ہوتا، شیطان بھی بہت مقبول ہے لیکن وہ فرشتہ نہیں بن سکتا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج سب کا آئینی حق ہے، لیکن اس حق کو آئین اور قانون کے دائرے میں استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مظاہروں کے دوران اسمبلی کے گیٹ پر ہنگامہ ہوا، جس پر اندر سے باہر نکلنے کے لیے دوسرا راستہ کھولا گیا۔

طلال چوہدری نے سابق اسپیکر اسد قیصر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب وہ خود اسپیکر تھے تو دس منٹ میں 54 بلز منظور کروائے۔ انہوں نے موجودہ اسپیکر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اسپیکر اپوزیشن کو زیادہ وقت دیتے ہیں اور یہ سب کے لیے قابل قبول ہونا چاہیے۔

دہشت گردی، نیشنل ایکشن پلان، اور صوبائی کارکردگی
وزیر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں دہشت گردی سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہمیں معلوم ہے کہ آپ کو درد کیا ہے، ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کو یہاں لا کر کس نے بٹھایا؟ آپ دہشت گردوں کے ساتھ ہیں یا ریاست کے ساتھ؟”

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں 700 ارب این ایف سی سے لینے کے باوجود سی ٹی ڈی کو مؤثر بنانے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، اور کوئی "نیا آپریشن” نہیں کیا جا رہا، تاہم قانون کے تحت جو کارروائی ضروری ہو گی، وہ ہو گی۔

زائرین کیلئے سہولتیں، ایران کے ساتھ مذاکرات جاری
زائرین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں، جس کے بعد زمینی راستے سے زائرین کے سفر پر عارضی پابندی لگائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ایرانی حکام سے مذاکرات جاری ہیں، جس کا دوسرا دور کراچی میں ہوگا، اور وہ خود اس کے لیے کراچی روانہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت زائرین کے لیے فضائی اور زمینی دونوں راستوں کو محفوظ اور آسان بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button