لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی کے مقدمات میں رہنماؤں کو سنائی گئی سزاؤں کے بعد ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے اپنے رہنماؤں کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، اور واضح کیا ہے کہ کسی بھی ضمنی انتخاب میں شرکت نہیں کی جائے گی۔
تاہم، اس فیصلے کے باوجود پی ٹی آئی نے این اے 129 لاہور میں انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، جو پارٹی کے سینئر رہنما میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حلقہ پارٹی کیلئے خاص اہمیت رکھتا ہے اور یہاں سے حماد اظہر سمیت کئی اہم امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے این اے 129 میں نامزد امیدواروں کی عبوری فہرست جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مجموعی طور پر 27 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے حماد اظہر، اویس انجم اور میاں جمیل کے نام شامل ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) سے رانا مشہود اور حافظ میاں محمد نعمان میدان میں ہیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے معروف انقلابی شاعر حبیب جالب کی بیٹی، طاہرہ جالب، اور آصف ناگرہ نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
ریٹرننگ آفیسر کے مطابق 8 اگست سے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کیا جائے گا، جبکہ ضمنی انتخاب 18 ستمبر کو منعقد ہوگا۔
یہ ضمنی الیکشن نہ صرف لاہور بلکہ قومی سطح پر بھی اہمیت کا حامل ہے، اور تمام سیاسی جماعتیں اس انتخاب کو سنجیدگی سے لے رہی ہیں۔






