کراچی (نیوز ڈیسک): پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں تیزی کا تسلسل جاری ہے، جہاں آج کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی مارکیٹ نے نئی تاریخ رقم کر دی۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مسلسل سرمایہ کاری کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 972 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے بعد ایک لاکھ 46 ہزار 015 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
مارکیٹ کا آغاز بھی مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، ابتدائی لمحات میں 314 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے انڈیکس 144,402 پوائنٹس تک جا پہنچا۔ دن بھر سرمایہ کاری کے مسلسل رجحان کے باعث انڈیکس میں مزید بہتری دیکھی گئی، اور ایک وقت میں یہ 721 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 145,810 پوائنٹس کی سطح تک بھی پہنچا۔
یہ مسلسل دوسرا دن ہے جب پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔ گزشتہ روز بھی انڈیکس نے پہلی بار 144,000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کی تھی۔
مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی معاشی استحکام، مالیاتی پالیسیوں میں بہتری، اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ اس رجحان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستقبل قریب میں مزید بہتری کی جانب گامزن ہو سکتی ہے۔





