اسلام آباد (نیوز ڈیسک): چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ پارٹی ارکان کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے کروڑوں روپے کی پیشکشیں کی گئیں، تاہم انہوں نے ان سب کو مسترد کر دیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ:
"ہم نے سب کچھ قربان کیا، لیکن کبھی کمپرومائز نہیں کیا۔ جن لوگوں کے بچے، گھر، اور کاروبار متاثر ہوئے، وہ آج بھی پارٹی کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔”
انہوں نے واضح کیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جن لوگوں نے مراعات اور کیسز ختم کرانے کے لیے سمجھوتے کیے، وہ اب پارٹی کا حصہ نہیں رہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا:
"ہم نے پارلیمنٹ کا میدان خالی نہیں چھوڑا، الیکشن ہم سے چرائے گئے، مگر ہم نے شکست تسلیم نہیں کی۔”
انہوں نے عندیہ دیا کہ وہ جلد عمران خان سے ملاقات کریں گے اور پارٹی کے اصولی مؤقف پر قائم رہیں گے۔
"ہم نے مشکل راستہ چُنا، آسان آپشنز کو رد کیا ہے، یہی ہماری سیاسی تربیت ہے،” انہوں نے مزید کہا۔





