اہم خبریںدنیاکھیل

غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری، 24 گھنٹوں میں 150 سے زائد فلسطینی شہید، سابق فٹبال کپتان بھی جاں بحق

غزہ (بین الاقوامی ڈیسک)
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری اور مسلسل حملے جاری ہیں، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 150 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہید ہونے والوں میں وہ 90 فلسطینی بھی شامل ہیں جو امداد کے منتظر تھے۔

فلسطینی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان بھی شہید
ظلم کی ایک اور اندوہناک مثال میں فلسطینی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان سلیمان العبید بھی اسرائیلی گولہ باری کی زد میں آ کر شہید ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق سلیمان العبید کھانا حاصل کرنے کی کوشش میں لائن میں کھڑے تھے جب اسرائیلی افواج نے فائرنگ کر دی۔

کھیلوں کے حلقوں میں بھی یہ خبر غم و غصے سے سنی گئی، کیونکہ اب تک مختلف کھیلوں سے وابستہ 662 فلسطینی کھلاڑی اسرائیلی جارحیت میں شہید ہو چکے ہیں۔

امدادی ٹرک کا حادثہ، 20 فلسطینی مزید شہید
اسرائیلی فوج کی جانب سے امدادی ٹرکوں کو بمباری سے تباہ سڑکوں کی طرف موڑنے پر ایک اور المناک واقعہ پیش آیا۔ ایک امدادی قافلہ الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 20 فلسطینی موقع پر شہید ہو گئے۔

غذائی قلت بھی جان لیوا بن گئی
اسرائیلی ناکہ بندی اور محاصرے کے باعث غزہ میں خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غذائی قلت کے باعث اب تک 193 فلسطینی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں 96 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

عالمی برادری کی آوازیں بلند، اسرائیل پر تنقید
بین الاقوامی سطح پر بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف ردعمل بڑھتا جا رہا ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کا کہنا ہے کہ:

"غزہ میں چند امدادی ٹرک کافی نہیں، یہاں انسانی امداد کے سیلاب کی ضرورت ہے۔”

جبکہ یورپی کمیشن کی نائب صدر نے اسرائیل کے غزہ پر مکمل قبضے کے ارادوں کو ناقابلِ قبول اور اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button