اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم نے اچانک کروٹ لی ہے، جہاں جمعرات کی سہ پہر سے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ تیز بارش کے باعث نچلے علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے الرٹ کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 3 سے 6 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں مزید تیز اور شدید بارش کا امکان ہے، جب کہ راولپنڈی، مری، مانسہرہ اور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے دوران شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نشیبی علاقوں میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
دوسری جانب ریسکیو 1122، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران کھلے علاقوں میں نہ نکلیں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں سے دور رہیں اور ایمرجنسی کی صورت میں فوری متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔






