پی ٹی آئی کا کل کا احتجاج کامیاب قرار، چیئرمین بیرسٹر گوہر نے حقائق سامنے رکھ دیے
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے ملک گیر احتجاج کو بھرپور کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے اس میں زبردست شرکت کر کے اپنی سیاسی وابستگی اور شعور کا ثبوت دیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ملک کے 170 اضلاع، تمام تحصیلوں اور یونین کونسلز میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، جن میں عوام کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا۔
انہوں نے کہا، "عوام نے کل یہ واضح کر دیا کہ وہ بانی پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔ یہ احتجاج نہ صرف عوامی شعور کی عکاسی کرتا ہے بلکہ جمہوری عمل کی مضبوطی کا بھی ثبوت ہے۔”
الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ "یہ پہلی بار ہے کہ الیکشن کمیشن خود اسٹے آرڈر پر ہے اور اس کے پاس براہ راست نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اختیار نہیں رہا، جو کہ ملک میں انتخابی عمل کی شفافیت کے حوالے سے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔”
مزید برآں، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے آئینی اور قانونی حقوق کی حفاظت کے لیے ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کی آواز کو بلند کرتے رہیں گی۔





