راولپنڈی: ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے صدر بننے کی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا۔
برطانوی جریدے "دی اکنامسٹ” کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی باتوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور ان کا مقصد صرف عوام کو گمراہ کرنا ہے۔
بھارتی اشتعال انگیزی سے متعلق سوال پر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو اس بار ردعمل مشرق سے شروع ہوگا، اور حملہ بھارت کے اندر گہرائی تک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ بھی ہر جگہ مارے جا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کہا تھا کہ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کو نشانہ بنانے والی منظم سوشل میڈیا مہم کے پیچھے کون ہے، حکومت اس سے باخبر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صدر کے استعفے کی بات ہو رہی ہے اور نہ ہی آرمی چیف کے صدارت سنبھالنے کی کوئی سوچ موجود ہے۔
اسی طرح پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے بھی ان افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری ملک کے آئینی اور منتخب صدر ہیں، ان کے خلاف قیاس آرائیوں میں کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلانے والے نہ آئین کو سمجھتے ہیں اور نہ ہی قانون کو۔






