تہران: ایران نے حالیہ کشیدگی کے خاتمے کے بعد ایک اہم اور مثبت پیشرفت کرتے ہوئے اپنی فضائی حدود مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت اب ملکی و غیر ملکی تمام پروازیں ایران کی فضائی حدود سے بلا تعطل گزر سکیں گی۔
ایرانی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے تصدیق کی ہے کہ ملک بھر میں تمام فلائٹ آپریشنز بحال کر دیے گئے ہیں، جبکہ تہران کا مصروف ترین مہرآباد ایئرپورٹ بھی اب 24 گھنٹے فضائی آمدورفت کے لیے دستیاب ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ اقدام ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روزہ کشیدگی کے خاتمے کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے باعث عائد کی گئی فضائی پابندیاں اب ختم کر دی گئی ہیں۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق اب تمام قومی و بین الاقوامی ایئرلائنز اور سفری ایجنسیاں اپنی معمول کی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال کر سکتی ہیں، جو علاقائی فضائی رابطے، تجارت اور سفری سہولت کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔
یاد رہے کہ ایران نے 17 جولائی سے جزوی طور پر فضائی حدود کھولنا شروع کی تھیں، مگر اب مکمل بحالی کے بعد فلائٹ آپریشنز ایک بار پھر معمول کے مطابق جاری ہو چکے ہیں۔
یہ اقدام نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کے لیے سفر، تجارت اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے ایک مثبت اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔






