عمران خان کا وزیراعلیٰ کے پی کو عہدہ چھوڑنے کا بیان، علی امین گنڈاپور کے ترجمان کا سخت ردعمل سامنے آگیا
پشاور: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو عہدہ چھوڑنے سے متعلق بیان پر وزیراعلیٰ کے پی ترجمان فراز مغل نے ردعمل دیا ہے۔
فراز مغل کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت بانی پی ٹی آئی کے وژن کی نمائندہ ہے اور جب بھی بانی پی ٹی آئی چاہیں گے، وزیراعلیٰ منصب چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کے پیغام کی علی امین گنڈاپور کی جانب سے کسی مستند ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی۔
ترجمان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کئی بار یہ واضح کر چکے ہیں کہ کے پی حکومت بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے۔ باوجود وزیراعلیٰ ہونے کے، وہ اڈیالہ جیل میں اپنے لیڈر سے ملاقات نہیں کر سکتے کیونکہ عدالتوں کے احکامات کی پابندی کی جاتی ہے، لیکن آئین و قانون کی پاسداری میں رکاوٹیں ہیں۔
فراز مغل نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے علاقائی قبائلی جرگوں کا آغاز کر چکے ہیں۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں قبائلی عمائدین کا ایک مشاورتی جرگہ بھی منعقد کیا گیا، جس کے بعد ایک گرینڈ قبائلی جرگہ تشکیل دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اگر علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا میں امن قائم نہیں کر سکتے تو انہیں عہدہ چھوڑ دینا چاہیے، اور گورننس کے مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں کسی اور کو موقع دینا چاہیے۔





