اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے خوشخبری دی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جس سے گرمی اور حبس کی شدت میں وقتی کمی آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگرچہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہے گا، تاہم شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، اٹک، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بھی چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے یہ سلسلے نہ صرف گرمی کا زور توڑیں گے بلکہ زراعت اور ماحولیاتی بہتری کے لیے بھی سود مند ثابت ہو سکتے ہیں۔






