وفاقی کابینہ نے حج 2026 کی نئی پالیسی کی منظوری دے دی ، نجی آپریٹرز کو 60 ہزار عازمین تک محدود رکھا جائے گا
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں حج 2026 کی نئی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت حج کی سرکاری اور نجی اسکیموں کے خدوخال طے کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت حج 2026 کی بکنگ اگست 2025 سے شروع ہوگی، اور حاجیوں سے قسط وار ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ مالی بوجھ کم ہو۔
نجی ٹور آپریٹرز کیلئے سخت کوٹہ حد مقرر
پالیسی کے تحت نجی ٹور آپریٹرز کو صرف 60 ہزار عازمین لے جانے کی اجازت دی گئی ہے، چاہے سعودی حکومت کی جانب سے حج کوٹہ میں اضافہ ہو یا نہ ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کا رہ جانے والا پرائیویٹ کوٹہ بھی انہی ٹور آپریٹرز کو پورا کرنا ہوگا۔
حکومت نے حج کوٹہ بڑھانے کی درخواست دے دی
ذرائع کے مطابق 2025 میں پاکستان کا حج کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار تھا، جس میں سے 50 فیصد سرکاری اسکیم اور 50 فیصد پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو دیا گیا تھا۔ حکومت پاکستان نے سعودی حکومت سے حج کوٹہ بڑھا کر 2 لاکھ 35 ہزار کرنے کی درخواست کر رکھی ہے، جس کی منظوری کا امکان ہے۔
سرکاری حج اخراجات کا تخمینہ
ذرائع نے بتایا کہ حج 2026 کے لیے سرکاری حج کے اخراجات کا تخمینہ ساڑھے 11 لاکھ سے ساڑھے 12 لاکھ روپے کے درمیان ہوگا، تاہم حتمی لاگت سعودی عرب میں رہائشی اور سفری اخراجات کے حساب سے طے کی جائے گی۔





