سیاسی طور پر ہماری حکومت گرانا کسی کے بس کی بات نہیں، علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مخالفین کو سخت چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو سیاسی یا جمہوری طریقوں سے گرانا کسی کے بس کی بات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس نہ قابلیت ہے نہ اخلاقی حیثیت کہ وہ ایسی کسی کوشش میں کامیاب ہو سکیں۔
اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک میں اس وقت قانون کی بالادستی مفلوج ہے، اور جو جنگ لڑی جا رہی ہے وہ صرف عمران خان نہیں، بلکہ پوری قوم کی جانب سے حق و انصاف کی جنگ ہے۔
انہوں نے اپنے خلاف 2016 سے جاری کیس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں۔ "میرے خلاف اسلحہ اور بوتلیں ڈالنے کا الزام لگایا گیا، جبکہ نہ میں اس موقع پر موجود تھا اور نہ وہ گاڑی میری تھی۔”
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا ہے، اور ایسی پیشیوں سے گھبرانے والے نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ
"پانچ اگست کو ہر ضلع اور ہر حلقے سے عوام باہر نکلے گی، اور میں خود خیبرپختونخوا میں احتجاج کی قیادت کروں گا۔”
مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ
"یہ لوگ کیسز کو صرف لٹکا رہے ہیں تاکہ سچ کو دبایا جا سکے، لیکن ہم سچ کی لڑائی لڑ رہے ہیں اور یہ لڑائی ہم ہی جیتیں گے۔”
اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپوزیشن کو براہ راست چیلنج دیتے ہوئے کہا:
"اگر ہمت ہے تو سیاسی اور جمہوری میدان میں آئیں، غیر قانونی ہتھکنڈے اب مزید نہیں چلیں گے۔”






