پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں اسلام آباد کی عدالت کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف جاری وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے ہیں اور پولیس کو ان کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔
پیر کے روز جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے علی امین گنڈاپور کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے ان کے وارنٹس کو وقتی طور پر معطل کر دیا۔
دورانِ سماعت وزیراعلیٰ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد کی عدالت کا گرفتاری کا حکم 21 جولائی تک تھا، مگر اس فیصلے کی اطلاع مقررہ تاریخ کے بعد ملی۔ وکیل نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور پہلے بھی عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں اور اب بھی پیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد وزیراعلیٰ کی گرفتاری کو فوری طور پر روکنے کا حکم دیا، جسے سیاسی اور قانونی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے چند روز قبل شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔





