لاہور (27 جولائی) — پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل 28 جولائی سے شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے پیش نظر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ممکنہ اربن فلڈنگ، فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق مون سون کے اس پانچویں اسپیل میں مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ سمیت صوبے کے کئی اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔ خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو سخت احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے جبکہ کچے اور خستہ حال مکانات کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم سے متعلق جاری سرکاری ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
ادھر پنجاب بھر میں تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ریسکیو 1122 اور دیگر ڈیزاسٹر رسپانس ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران محفوظ مقامات پر قیام کریں، دریا یا برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1129 یا ریسکیو 1122 پر فوری اطلاع دیں۔






