اسلام آباد: خیبر پختونخوا سے حالیہ سینیٹ انتخابات میں کامیاب ہونے والے پانچ آزاد سینیٹرز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
پارٹی میں شامل ہونے والے سینیٹرز میں مرزا محمد آفریدی، اعظم سواتی، فیصل جاوید، نورالحق قادری اور روبینہ ناز شامل ہیں۔ ان تمام سینیٹرز نے اپنی باضابطہ پارٹی شمولیت کے ڈیکلریشنز چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کو جمع کرا دیے ہیں، جو اب یہ دستاویزات الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرائیں گے۔
یہ پیش رفت پی ٹی آئی کے لیے اہم سیاسی کامیابی قرار دی جا رہی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب سینیٹ میں پارٹی کی پوزیشن مزید مستحکم ہونے جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ سینیٹ انتخابات میں حکومت اور اپوزیشن اتحاد نے تمام 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ 7 جنرل نشستوں میں سے 4 پر پی ٹی آئی اور 3 پر اپوزیشن امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ خواتین کی دو نشستوں میں ایک پر تحریک انصاف اور دوسری پر پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی، جب کہ ٹیکنوکریٹس کی دو نشستوں میں ایک پر پی ٹی آئی اور دوسری پر جمعیت علمائے اسلام نے کامیابی حاصل کی تھی۔
یہ سینیٹرز اب تحریک انصاف کی پارلیمانی حکمت عملی کا حصہ بنیں گے، جو ایوان بالا میں قانون سازی اور اپوزیشن کے خلاف مؤثر کردار ادا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔





