اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

ملک بھر میں بارشوں کا نیا طوفان! 31 جولائی تک شدید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

کراچی – محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کا ایک نیا سلسلہ اتوار سے 31 جولائی تک متوقع ہے، جس کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جن کے اثرات اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں واضح ہوں گے۔ ان علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی، جبکہ بعض مقامات پر شدید موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر سندھ میں 30 اور 31 جولائی کے دوران موسم مزید متحرک رہنے کا امکان ہے، جہاں کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص اور دیگر شہری علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے اربن فلڈنگ کے خطرے کی نشاندہی بھی کی ہے، خاص طور پر کراچی جیسے گنجان آباد شہروں میں۔

بلوچستان میں 29 جولائی کی رات سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 31 جولائی تک جاری رہے گا۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران بعض علاقوں میں سیلاب، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جیسی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں، اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button