ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو قومی فتح قرار دے دیا
لاہور: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فوج کی شاندار کامیابی کو پوری قوم کی اجتماعی اور تاریخی فتح قرار دیا ہے۔ لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوانوں کے ساتھ خصوصی نشست میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری نے بغیر کسی مذہبی امتیاز کے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر ملک کی سلامتی اور وقار کو بحال کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ پاکستان ایک پرامن، ترقی پسند اور بین المذاہب ہم آہنگی والا ملک ہے، جو قومی طاقت کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی قومی یکجہتی دشمنوں کو ہمیشہ اپنے مذموم مقاصد میں ناکام بناتی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے نوجوانوں کو ملک کے روشن مستقبل کا سب سے اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی توانائی اور جذبہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر موجود طلباء و طالبات نے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کی ترقی اور سلامتی کے لیے ہر وقت تیار رہیں گے۔





