اسلام آباد: پاکستان میں اسلامی سال 1447 ہجری کے دوسرے مہینے صفر المظفر کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق ملک بھر میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر منعقد ہوں گے۔ چاند کی شرعی شہادتیں موصول ہونے کے بعد حتمی اعلان مرکزی کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔
دوسری جانب سپارکو (سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیر ریسرچ کمیشن) اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 25 جولائی 2025 کو رات 12 بج کر 11 منٹ پر ہو چکی ہے، جبکہ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 19 گھنٹے 31 منٹ ہو گی۔
ماہرین فلکیات کے مطابق آج مطلع صاف ہونے کے باوجود چاند نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں، تاہم رویت کے شرعی تقاضے پورے ہونے پر ہی ماہِ صفر کے آغاز کا اعلان کیا جائے گا۔






