اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے بیٹوں کو پاکستان آنے کی اجازت دی جائے گی، بشرطیکہ وہ تمام قانونی تقاضے پورے کریں۔
میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیٹوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے والد کی سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھائیں، بشرطیکہ ان کی تحریک پُرامن ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کو اس بات پر کوئی اعتراض نہیں اگر وہ پارٹی کی قیادت سنبھالنا چاہیں یا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں، لیکن اگر انہوں نے پُرتشدد راستہ اپنایا تو انہیں قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔
مشیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کے بیٹے برطانوی شہری ہیں، اور اگر وہ پاکستان میں داخلے کے لیے ویزہ حاصل کرکے تمام قانونی تقاضے پورے کریں تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر وہ صرف اپنے والد سے ملاقات کے لیے آنا چاہیں تو یہ ان کا قانونی اور انسانی حق ہے، اور حکومت اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔
رانا ثناء اللہ نے موسم کی شدت اور بارشوں کے باعث پیدا شدہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں غیر معمولی بارشیں ہوئی ہیں، جن سے شہری زندگی متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسی صورتِ حال سے بچنے کے لیے 5 سے 10 سالہ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود نکاسیٔ آب کے کام کی نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ دیگر صوبوں میں بھی بارشوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف تین بار اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، حتیٰ کہ انہوں نے اسپیکر چیمبر میں خود آنے کی پیشکش بھی کی، لیکن اپوزیشن کی جانب سے کسی قسم کا مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا۔






