اسلام آباد: بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خوشخبری! قومی ایئرلائن (PIA) نے برطانیہ کے لیے اپنی پروازیں بحال کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کے مطابق اگست کے وسط سے اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے برطانیہ کے مختلف شہروں کے لیے پروازیں روانہ ہوں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد اور لاہور سے مانچسٹر اور برمنگھم جبکہ کراچی سے لندن کے لیے پروازیں شیڈول کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق برطانیہ، پی آئی اے کے لیے یورپی روٹس میں سب سے اہم منزل ہے، اور اس کی بحالی سے قومی ایئرلائن کو معاشی بہتری کا بھی بڑا موقع ملے گا۔
تیاری مکمل، مگر چند چیلنجز باقی
عبداللہ حفیظ نے بتایا کہ پی آئی اے نے اپنی آپریشنل تیاری مکمل کر لی ہے اور تمام طیارے فعال حالت میں ہیں۔ تاہم، 4 سے 5 طیاروں کی کمی کے باعث بعض پرانے روٹس کی فوری مکمل بحالی میں مشکلات درپیش ہیں۔
ان کا کہنا تھا،
"ادارہ ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کہ تمام پرانے روٹس کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کیا جا سکے۔”
برطانوی فضاؤں میں واپسی – ایک اہم پیش رفت
یاد رہے کہ پاکستانی ایئرلائنز کو ایک طویل تعطل کے بعد دوبارہ برطانوی فضائی حدود میں پرواز کی اجازت ملی ہے، جو کہ ہوابازی کے شعبے میں اعتماد کی بحالی اور اصلاحات کے مثبت نتائج کی ایک اہم علامت ہے۔
برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے یہ فیصلہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، جو اب پی آئی اے کے ذریعے براہِ راست سفری سہولت حاصل کر سکیں گے۔






