وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج، چھ نکاتی ایجنڈے پر اہم فیصلے متوقع
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں ملک کے سیاسی، اقتصادی اور سماجی معاملات سے متعلق چھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے متوقع ہیں جن کا مقصد معاشی بہتری، عوامی فلاح اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان اور عرب ریاستوں کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (FTA) کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، جس سے نہ صرف تجارتی روابط مضبوط ہوں گے بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
کابینہ اجلاس میں سی کارگو شپنگ ڈاکومنٹس بل 2025 کی منظوری پر بھی غور کیا جائے گا، جو بحری تجارت کو مزید محفوظ، شفاف اور مؤثر بنانے کی سمت ایک بڑی پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں غیر رجسٹرڈ مگر ضروری ادویات کی درآمد کی اجازت میں توسیع کی منظوری بھی دی جا سکتی ہے، تاکہ عوام کو درکار ادویات بروقت اور آسانی سے دستیاب رہیں۔ وزارت صحت اس اقدام کو دوا کی فراہمی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر قرار دے رہی ہے۔
مزید برآں، کابینہ ای او بی آئی پنشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دے سکتی ہے، جو یکم جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔ اس اقدام سے لاکھوں بزرگ شہریوں کو مہنگائی کے دور میں مالی ریلیف ملے گا۔
اجلاس کے دوران "قومی کینیبس کنٹرول اور ریگولیٹری پالیسی 2025” بھی پیش کی جائے گی، جس کا مقصد اس حساس شعبے میں قواعد و ضوابط کا تعین اور شفاف نگرانی کو ممکن بنانا ہے۔
علاوہ ازیں، کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے کا حصہ ہو گی، جب کہ دیگر اہم قومی امور پر بھی مشاورت کی جائے گی۔






