اہم خبریںتازہ تریندنیا

صدر ٹرمپ کا طوفان سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، 169 لاپتہ بچوں کی بازیابی کی تصدیق

ٹیکساس: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شدید طوفان سے متاثرہ ریاست ٹیکساس کا ایک ہفتے بعد دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے مکمل بحالی کے لیے وفاقی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

صدر ٹرمپ کے اس تاخیر سے کیے گئے دورے پر عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے، تاہم حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر نے دورے کے دوران متاثرہ علاقوں کے حالات کا جائزہ لیا اور امدادی اداروں کو مزید تیزی سے کام کرنے کی ہدایت جاری کی۔

صدر نے اپنے بیان میں بتایا کہ اب تک 169 لاپتہ بچوں کو بحفاظت ریسکیو کیا جا چکا ہے، جب کہ دیگر لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریاست میں آنے والے طوفان، شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 121 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔ مقامی اور وفاقی ایمرجنسی سروسز متاثرہ علاقوں میں رہائش، خوراک، اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس قدرتی آفت سے 18 سے 22 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا ہے۔ بنیادی ڈھانچے بشمول سڑکیں، پل، بجلی کی ترسیل کا نظام اور ہزاروں مکانات شدید متاثر ہوئے ہیں۔ کئی علاقوں میں تاحال بنیادی سہولیات بحال نہیں ہو سکیں۔

وفاقی اور ریاستی ادارے بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں، تاہم عوامی سطح پر فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ بحران حکومت کی کارکردگی اور انتظامی صلاحیت کے ایک بڑے امتحان کے طور پر سامنے آیا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button