وزیر داخلہ محسن نقوی کی وضاحت: صدر آصف زرداری کے استعفیٰ یا تبدیلی کی کوئی بات زیر غور نہیں
اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر پاکستان بننے کے حوالے سے کوئی تجویز یا خیال موجود نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو نشانہ بنانے والی جھوٹی مہم کے پیچھے کون ہے، ہم بخوبی جانتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کا افواج پاکستان کی قیادت کے ساتھ باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی مضبوط تعلق ہے، اور ایسی خبروں کا مقصد قومی قیادت کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ صدر کے استعفیٰ یا ان کی تبدیلی سے متعلق کوئی بات نہ حکومت کے ایجنڈے پر ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی رسمی یا غیر رسمی گفتگو ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "میں جانتا ہوں یہ جھوٹی خبریں کون اور کیوں پھیلا رہا ہے، اور یہ بھی معلوم ہے کہ اس منفی پروپیگنڈے سے فائدہ اٹھانے والا کون ہے۔”
محسن نقوی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حب الوطنی اور قومی استحکام کے لیے ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی توجہ صرف اور صرف پاکستان کے استحکام، سلامتی اور ترقی پر مرکوز ہے۔






