بیجنگ: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللّٰہ تارڑ چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے، جہاں وہ عالمی تہذیبوں کے مکالمے پر وزارتی سطح کے اہم اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
یہ دو روزہ اجلاس آج سے چینی وزارت خارجہ کے اشتراک سے شروع ہو رہا ہے، جس میں دنیا بھر سے وزراء، اسکالرز، اور ماہرین تہذیبوں کے مابین ہم آہنگی، بین الثقافتی احترام، اور عالمی امن کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے۔
بیجنگ پہنچنے پر عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ یہ اجلاس مختلف اقوام اور تہذیبوں کے درمیان باہمی احترام، سیکھنے کے جذبے، اور مشترکہ اقدار کو فروغ دینے کا ایک منفرد اور تاریخی موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالثقافتی، پرامن اور تہذیبی ورثے کا حامل ملک ہے اور بین الاقوامی سطح پر ہم آہنگی کی کوششوں میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتا آیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس سطح پر نمائندگی عالمی سطح پر ملک کے مثبت امیج کو اجاگر کرے گی اور چین کے ساتھ ثقافتی و سفارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔






