شبلی فراز کی طبیعت میں بہتری، ڈاکٹرز کی جانب سے مکمل نگہداشت جاری
پشاور: سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سینیٹر شبلی فراز کو سینے میں تکلیف کے باعث رات گئے پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کیا گیا، جہاں ان کا فوری اور مؤثر علاج کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد شبلی فراز کی حالت بہتر ہو رہی ہے اور ڈاکٹرز کی ٹیم نے انہیں مزید 24 گھنٹے نگرانی میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کی صحت کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ شبلی فراز ہوش و حواس میں ہیں اور ان سے اہل خانہ کی ملاقات بھی کرائی گئی ہے۔ آج ماہرین امراض قلب ان کے آئندہ علاج کے بارے میں مشاورت کریں گے۔
پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے شبلی فراز کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اہلِ خانہ نے اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔






