اہم خبریںدنیا

ٹیکساس میں سیلابی تباہی، 80 ہلاک، درجنوں لاپتہ، ریسکیو آپریشن جاری

ٹیکساس – 7 جولائی 2025:
امریکی ریاست ٹیکساس طوفانی بارشوں اور شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہے، جہاں مختلف حادثات میں 80 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 28 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ سمر کیمپ میں موجود 10 لڑکیاں اور ایک کونسلر سمیت 41 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹرز، کشتیاں اور ڈرونز کی مدد سے امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، تاہم مسلسل بارش اور خراب موسم کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔

حکام نے بتایا کہ سب سے زیادہ جانی نقصان کیر کاؤنٹی میں ہوا، جہاں 68 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ موسمیاتی ماہرین نے وسطی ٹیکساس میں آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے صورتحال کو مزید خطرناک قرار دیا ہے۔

دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہنگامی اقدام کرتے ہوئے کیر کاؤنٹی کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا ہے، جس کے بعد وفاقی ادارے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں مزید معاونت فراہم کریں گے۔

ریاستی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک علاقوں سے فوری انخلا کریں، محفوظ پناہ گاہوں کا رخ کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

یہ ٹیکساس میں حالیہ برسوں کا ایک بدترین قدرتی بحران تصور کیا جا رہا ہے، جہاں نہ صرف انسانی جانوں کا ضیاع ہوا بلکہ بنیادی انفرااسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button