اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

یومِ عاشورہ: وفاقی و صوبائی قیادت کی سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان، قوم کے اتحاد کو خراجِ تحسین

لاہور / کوئٹہ / تلہ گنگ (نمائندہ خصوصی) — یومِ عاشورہ کے موقع پر ملک بھر میں پُرامن ماحول اور فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات پر وفاقی و صوبائی قیادت نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں کربلا گامے شاہ پہنچ کر مرکزی جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، جب کہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزراء بلال یاسین، مجتبیٰ شجاع الرحمٰن اور خواجہ سلمان رفیق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سیکیورٹی کی صورت حال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ تمام جلوسوں کے لیے جامع پلاننگ اور نگرانی کا عمل یقینی بنایا گیا ہے۔

گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے تلہ گنگ میں جلوس میں شرکت کرتے ہوئے اہلِ بیتؑ سے عقیدت کا اظہار کیا اور کہا کہ "اہلِ بیتؑ سے محبت ہمارے ایمان کا جزو ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل کیے بغیر امن و امان کا قیام ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیرِ داخلہ اور ان کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسا انتظام صرف مربوط حکمت عملی سے ہی ممکن ہوتا ہے۔

ادھر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کوئٹہ میں سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا، جہاں سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر سرفراز بگٹی نے کہا کہ "امن و امان کے قیام کے لیے حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عوام متحد ہیں۔” انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تمام جلوس پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے جو اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سیکیورٹی اداروں کی جانب سے موثر اقدامات اور شہریوں کے تعاون سے عاشورہ پُرامن طریقے سے مکمل ہوا، جو اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button