اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

یومِ عاشورہ: شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت، ملک بھر میں امن و احترام کا مظاہرہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) – نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں یومِ عاشورہ مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں تعزیتی جلوس، مجالس اور دینی اجتماعات منعقد کیے گئے، جہاں امام حسینؓ کے پیغامِ حریت اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تمام مرکزی اور ذیلی جلوس پُرامن طریقے سے اپنے مقررہ مقامات پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔ جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور انتظامات کیے۔ صرف پنجاب میں 1 لاکھ 34 ہزار افسران و جوان ڈیوٹی پر مامور رہے، جب کہ پشاور میں 12 ہزار پولیس اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔

جلوسوں کی گزرگاہوں پر سخت چیکنگ اور کڑی نگرانی کے انتظامات کیے گئے۔ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے متعدد شہروں میں دفعہ 144 نافذ رہی، بعض علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل کی گئی، اور کراچی میں ڈبل سواری پر دو روزہ پابندی عائد کی گئی جو آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی۔

شام غریباں کے موقع پر ذاکرین نے واقعہ کربلا کے بعد پیش آنے والے کربناک حالات کو بیان کیا، اور عزاداروں نے غمِ حسینؓ میں سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کے بعد گھروں کو روانہ ہو کر دن کا اختتام کیا۔

کراچی میں نشتر پارک سے نکلنے والا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں، لاہور میں نثار حویلی سے شبیہ ذوالجناح کا جلوس کربلا گامے شاہ، اور راولپنڈی میں امام بارگاہ عاشق حسین سے نکلنے والا جلوس امام بارگاہ قدیمی میں اختتام پذیر ہوا۔

یومِ عاشورہ کے موقع پر ملک کے تمام صوبوں میں علمائے کرام نے مجالسِ عزا میں خطاب کرتے ہوئے حضرت امام حسینؓ کی قربانی کو دین اسلام کے تحفظ کی عظیم مثال قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کربلا کا پیغام ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا، عدل و حق پر ڈٹے رہنا، اور صبر و استقامت کی عملی تصویر بننا ہے۔

وزیراعظم، صدرِ مملکت، وزرائے اعلیٰ، اور دیگر حکومتی شخصیات نے ملک بھر میں پُرامن ماحول میں عاشورہ منانے پر سیکیورٹی اداروں اور عوام کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قومی یکجہتی اور باہمی رواداری کا مظاہرہ ہے جو ملک کے استحکام اور امن کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button