تہران (نیوز ڈیسک) — ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ کے بعد پہلی بار منظر عام پر آ گئے۔ انہوں نے تہران میں شب عاشور کے موقع پر منعقدہ مجلس عزا میں شرکت کی۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق آیت اللّٰہ خامنہ ای کی آمد پر مجلس میں شریک عزاداروں نے پرجوش نعروں سے ان کا استقبال کیا۔ مجلس کے دوران انہوں نے خاموشی سے عزاداری میں شرکت کی اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
خیال رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کے دوران آیت اللّٰہ خامنہ ای کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد ان کی عدم موجودگی پر عالمی سطح پر چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شب عاشور کی مجلس میں شرکت ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ ثابت ہوئی ہے اور ایرانی عوام نے انہیں ایک بار پھر عوامی سطح پر دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔






