اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

وزیراعظم تین بار مذاکرات کی دعوت دے چکے، نواز شریف بھی مفاہمت کے حامی ہیں: رانا ثناءاللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ سیاسی کشیدگی کے خاتمے اور جمہوری عمل کو مستحکم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں تین بار اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، اور قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف بھی مفاہمت اور مذاکرات کے حامی ہیں۔

رانا ثناءاللہ کے مطابق، جمہوریت میں مسائل کا حل مذاکرات سے نکلتا ہے، نہ کہ ڈیڈلاک سے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بجٹ اجلاس کے موقع پر بھی وزیراعظم نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی تھی، تاکہ قومی معاملات پر مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، اور تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ چارٹر آف اکانومی پر رضامند ہو کر معیشت کی بہتری کے لیے مشترکہ کوشش کریں۔

رانا ثناءاللہ نے واضح کیا کہ اگر اپوزیشن مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو یہ جیل میں بند افراد سے نہیں بلکہ بیرسٹر گوہر اور دیگر سینئر رہنماؤں کے ذریعے ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو حق حاصل ہے کہ وہ حکومت کے خلاف سیاسی تحریک چلائیں، تاہم ایسی کوئی بھی تحریک جو عوام کے لیے مشکلات پیدا کرے، قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بانی پی ٹی آئی کی تحریکوں کا طرز عمل غیر جمہوری رہا ہے، اور اس سے ان کے کارکنان کو ہی نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے اندر مختلف دھڑے بن چکے ہیں اور پارٹی صوبائی سطح پر حکومتی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن جماعتوں کا آئینی حق ہے، اور سوات واقعے جیسے سانحات کے بعد پی ٹی آئی کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button