ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
پنجاب میں کہاں کہاں بارش ہو گی؟
راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ساہیوال، لیہ، بھکر، پاکپتن، ملتان، ڈیرہ غازی خان، منڈی بہاؤالدین، جہلم، اٹک، چکوال اور گجرات میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع خانیوال، بہاولنگر اور بہاولپور میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان
بارکھان، رکھنی، کوہلو، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، قلعہ عبداللہ، زیارت، ژوب، قلات، مستونگ اور کوئٹہ میں ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے۔ خضدار اور اطراف کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں دیر، سوات، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، مردان، بنوں، کوہاٹ، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان سمیت متعدد اضلاع میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
سندھ میں بارش، کراچی اور ساحلی علاقوں میں بھی خوشگوار موسم کی نوید
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، تھرپارکر، عمر کوٹ، مٹھی، سانگھڑ اور میرپور خاص سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جو گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے راحت کا باعث بنے گی۔
گلگت بلتستان میں موسم خشک رہے گا
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں کے قریب نہ جائیں اور بجلی کے کھمبوں یا درختوں کے نیچے کھڑے ہونے سے اجتناب کریں۔






