باجوڑ: خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں صدیق آباد پھاٹک میلہ گراؤنڈ کے قریب دہشتگردی کی ایک افسوسناک کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی، تحصیلدار اور دو پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید جبکہ 16 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں سب انسپکٹر نور حکیم بھی زخمی ہوئے، جو بعد ازاں دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال خار منتقل کیا۔
موٹر سائیکل بم دھماکہ، 10 کلو بارودی مواد استعمال ہونے کا انکشاف
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں نے بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب کر رکھا تھا، جو ایک ورکشاپ کے باہر کھڑی کی گئی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 7 سے 10 کلو گرام بارود استعمال کیا گیا۔ دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر موجود ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دہشتگردوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا: آئی جی خیبرپختونخوا
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دھماکے کا نشانہ اسسٹنٹ کمشنر فیصل اسماعیل کی گاڑی تھی، اور ابتدائی شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ حملے میں دہشتگرد تنظیم "الخوارج” ملوث ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر کی تلاش کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں، اور انصاف کے تقاضے جلد پورے کیے جائیں گے۔
نمازِ جنازہ میں سرکاری و عسکری قیادت کی شرکت
شہید ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر فیصل اسماعیل، تحصیلدار عبدالوکیل، کانسٹیبل زاہد اور راہگیر فضل منان کی نماز جنازہ خار پولیس لائن میں ادا کی گئی، جس میں ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، باجوڑ اسکاؤٹس کے کمانڈنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام، شہداء کے لواحقین و شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہداء کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور ان کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے گئے۔
صدر و وزیراعظم کی شدید مذمت اور لواحقین سے اظہارِ ہمدردی
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور دہشتگردوں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
خیبرپختونخوا حکومت کا ردعمل: دہشتگردی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے بیان میں کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، لیکن قوم اور حکومت دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، اور زخمیوں کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔






