وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم سے ملاقات، مؤثر حکومتی بیانیے کے فروغ پر زور
پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم سے خصوصی ملاقات کی، جس میں حکومت کی کارکردگی کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے اور منفی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں مختلف امور زیرِ بحث آئے۔
وزیراعلیٰ نے ٹیم کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومت کی اصلاحات، فلاحی اقدامات اور مالیاتی شفافیت کو نمایاں انداز میں سوشل میڈیا پر اجاگر کیا جائے تاکہ عوام تک درست معلومات پہنچائی جا سکیں۔
بسکٹ خرچ کی حقیقت سامنے آ گئی
علی امین گنڈاپور نے "11 کروڑ روپے کے بسکٹ” سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ رقم مکمل طور پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے مجموعی اخراجات کی ہے، جس میں اکثریتی حصہ کلاس 4 ملازمین کے کھانے پر خرچ ہوا، جو پہلے اپنی جیب سے کھانے کا بندوبست کرتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا:
"ہم نے کارکنوں اور ملازمین کے لیے سہولتیں پیدا کی ہیں، میں نے ہیلی کاپٹر اپنے لیے نہیں، عوامی فلاح کے لیے مختص کیا ہے۔”
’فری بانی پی ٹی آئی‘ مہم کا اعلان
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کارکنان اور سوشل میڈیا ٹیم "Free Bani PTI” کے نام سے ایک منظم مہم کا آغاز کریں گے تاکہ بانی تحریک انصاف کی رہائی کے لیے آواز بلند کی جا سکے۔
سوشل میڈیا ٹیم کا مثبت ردعمل
پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے رکن خالد سپاری نے ملاقات کو "حوصلہ افزا اور رہنمائی سے بھرپور” قرار دیا اور کہا:
"وزیراعلیٰ کے ساتھ ملاقات میں نہ صرف سوات واقعے پر تبادلہ خیال ہوا بلکہ پارٹی کی احتجاجی حکمت عملی اور عوامی رابطہ مہم پر بھی مفید مشورے دیے گئے۔”





