سوات: ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے دریائے سوات کے اطراف تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی جاری ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ قدرتی ماحول کی بحالی اور عوامی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے انتظامیہ نے آج ایک بار پھر بھرپور آپریشن کا آغاز کیا۔
انتظامیہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اب تک آپریشن کے دوران 65 غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا ہے، جن میں دکانیں، ہوٹل اور پارک شامل ہیں۔ اس کارروائی کے نتیجے میں 15.7 کنال قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے جبکہ تقریباً 2 کلومیٹر کا علاقہ مکمل طور پر کلیئر کر لیا گیا ہے۔
عوامی شکایات اور ماحولیات کے تحفظ کے پیش نظر کی گئی اس کارروائی میں تجاوزات قائم کرنے والے 25 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد نہ صرف غیر قانونی قبضوں کا خاتمہ ہے بلکہ دریا کے قدرتی بہاؤ کو بحال کرنا، ماحولیاتی تحفظ یقینی بنانا اور عوام کو محفوظ و خوبصورت تفریحی مقامات فراہم کرنا ہے۔
شہری حلقوں اور ماحولیاتی ماہرین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی ایک مستحکم اور پائیدار ماحولیاتی نظام کی طرف اہم قدم ہے، جو آئندہ نسلوں کے لیے صاف، سرسبز اور محفوظ سوات کی بنیاد رکھے گا۔





