قوم کے بہادر سپوت ہمارا فخر ہیں، دشمن انہیں شکست نہیں دے سکتا: محسن نقوی
بنوں: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جس قوم کے پاس ایسے بہادر بیٹے ہوں، اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا۔ وہ سی ایم ایچ بنوں میں شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کے موقع پر بات کر رہے تھے۔
محسن نقوی نے زخمی جوانوں کی خیریت دریافت کی، ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور ان کے حوصلے اور جذبے کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ "آپ کا حوصلہ دیکھ کر دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ کا عزم مزید مضبوط ہو گیا ہے۔ آپ کی قربانی اور غیر معمولی جذبہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔”
اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید بھی موجود تھے، جنہوں نے بھی زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کے بلند حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے جوان دشمن کے ہر وار کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے کھڑے ہیں۔ پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یہ ملاقات دہشتگردی کے خلاف جاری قومی عزم اور شہداء و غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک اظہار تھی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ہر خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔






