کراچی — پاکستان نیول اکیڈمی، پی این ایس رہبر کراچی میں 123ویں مڈ شپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی تکمیل پر ایک شاندار اور پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
تقریب کا آغاز چاق و چوبند دستوں کی شاندار پریڈ سے ہوا، جس میں جوانوں نے نظم و ضبط، مہارت اور پیشہ ورانہ تربیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس کی اعلیٰ تربیت و تیاری کو سراہا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات بھی تقسیم کیے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ تقریب میں پاک بحریہ کے اعلیٰ افسران، تربیت کار، کیڈٹس کے اہل خانہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری حدود کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور اس کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کیڈٹس کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے خود کو ہمہ وقت تیار رکھنے کی تلقین کی۔
تقریب کا اختتام قومی ترانے اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور فضاء میں ہوا، جو پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور نوجوان نسل کے عزم و حوصلے کا مظہر تھی۔






