کراچی (بزنس ڈیسک) — مشرق وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے مثبت اثرات عالمی منڈیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) پر بھی واضح طور پر نظر آنے لگے، جہاں کاروبار کے آغاز پر ہی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
مارکیٹ کھلتے ہی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور 100 انڈیکس میں 4 ہزار پوائنٹس سے زائد کا فوری اضافہ دیکھا گیا۔ چند ہی لمحوں میں مارکیٹ 5 فیصد سے زائد بہتری کے باعث "سرکٹ بریکر” پر آ گئی، اور کاروبار کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، 100 انڈیکس میں 5 ہزار 878 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس 1,22,045 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مارکیٹ میں شدید گراوٹ دیکھی گئی تھی، اور انڈیکس 1,16,167 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ مگر آج کے دن نہ صرف اعتماد کی بحالی ہوئی بلکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری بھی دیکھنے میں آئی۔
ماہرینِ معاشیات کا کہنا ہے کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی خبروں نے سرمایہ کاروں کو حوصلہ دیا ہے، اور اگر عالمی سطح پر استحکام برقرار رہا تو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مزید بہتری کے امکانات روشن ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، موجودہ تیزی معاشی اعشاریوں کے استحکام، حکومتی ریفارمز اور بیرونی خطرات میں کمی کا مجموعی اثر ہے، جس کا براہِ راست فائدہ ملکی سرمایہ کاروں کو پہنچ رہا ہے۔






