فواد چودھری کا بانی پی ٹی آئی سے سیاسی قیادت کو آگے لانے کا مطالبہ، عبوری ضمانت میں 8 اگست تک توسیع
لاہور: سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت بیرون ملک موجود ہے اور پارٹی کو مؤثر طریقے سے چلانے میں ناکام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو چاہیے کہ سیاسی طور پر مضبوط اور باصلاحیت افراد کو آگے لائیں تاکہ پارٹی کو ایک بار پھر فعال اور مؤثر بنایا جا سکے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا:
"ہم اور کارکن عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ موجودہ قیادت میدان میں نظر نہیں آ رہی۔ نو مئی کے بعد جن حالات کا ہم نے سامنا کیا، موجودہ قیادت ہوتی تو جوتی چھوڑ کر بھاگ جاتی۔”
انہوں نے کہا کہ سیاسی تحریکوں میں استقامت اور قیادت کا عملی میدان میں ہونا ضروری ہے۔
"بانی پی ٹی آئی سے گزارش ہے کہ پارٹی کو بچانے کے لیے سیاسی لوگوں کو سامنے لائیں، جو زمینی حقائق کا ادراک رکھتے ہوں۔”
ایران سے یکجہتی کی اپیل
فواد چودھری نے ایران کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کو اس نازک وقت میں ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
"اگر ایران میں رجیم چینج ہوتی ہے تو اس کے خطے پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے، ہمیں اپنے ایرانی بھائیوں کی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔”
عبوری ضمانت میں توسیع
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ سے متعلق پانچ مقدمات میں فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پراسیکیوشن کی جانب سے ریکارڈ پیش نہ کیے جانے پر فواد چودھری کی عبوری ضمانت میں 8 اگست تک توسیع کر دی۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقدمات کا تمام ریکارڈ لاہور ہائیکورٹ میں موجود ہے، اس لیے سماعت کو مؤخر کیا جائے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔






