پاکستانی قوم ایران کے ساتھ ہے، بیرسٹر گوہر کا ایرانی سفارت خانے کا دورہ، یکجہتی کا اظہار
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا اور حالیہ اسرائیلی حملے کے تناظر میں ایرانی قوم سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاع ایران کا جائز حق ہے اور پاکستان کی عوام مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا:
"ہم اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، اور اُمید کرتے ہیں کہ ایران کی جنیوا میں سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں جلد امن بحال ہوگا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یکجہتی اور آگے بڑھنے کی سوچ ہو تو قومیں ترقی کرتی ہیں، اور حکومت کو چاہیے کہ قومی مفاد میں ایسے اقدامات کی قیادت کرے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک میں سیاسی اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا:
"اپوزیشن کی جانب سے قومی یکجہتی کے لیے سنجیدہ کوششیں کی گئیں، لیکن بدقسمتی سے کچھ عناصر دونوں جانب سے ایسے تھے جو اتفاق رائے کے حامی نہیں تھے۔”
بیرسٹر گوہر نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان داخلی طور پر مضبوط ہو اور خارجہ پالیسی کے میدان میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔





