محرم الحرام 1447ھ کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 26 جون کو کوئٹہ میں طلب
اسلام آباد: محرم الحرام 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس 26 جون 2025 بروز بدھ کو کوئٹہ میں طلب کر لیا گیا ہے۔ یہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
وزارت مذہبی امور کے اعلامیے کے مطابق، ملک بھر میں چاند کی شہادتوں کو جمع کرنے اور جانچنے کے لیے اسلام آباد سمیت تمام زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے متعلقہ صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوں گے۔
اجلاس کے دوران مختلف شہروں سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا جائے گا، اور چاند کی رویت کی تصدیق یا تردید کے بعد محرم الحرام کے آغاز اور یوم عاشور کے تعین کا حتمی اعلان چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے اور اس کا آغاز نہایت تقدس اور احترام کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی، مذہبی اجتماعات، مجالس اور جلوسوں کے انتظامات کے حوالے سے حکومتی و مقامی سطح پر تیاریاں بھی جاری ہیں۔
رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند کی رویت کے حوالے سے حتمی اعلان 26 جون کی شام کیا جائے گا، جس کا اطلاق پورے ملک میں ہو گا۔





