اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

پاکستان کا بڑا اعلان: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2026 کے نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کو 2026 کے نوبل امن انعام کے لیے باضابطہ طور پر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ اُن کی حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران مؤثر سفارتی کردار، قیامِ امن کے لیے بروقت مداخلت، اور بین الاقوامی سطح پر قیادت کے مظاہرے کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری نے بھارت کی جانب سے کی گئی عسکری جارحیت کا مشاہدہ کیا، جو نہ صرف پاکستان کی خودمختاری بلکہ علاقائی سلامتی کے لیے بھی خطرہ تھی۔ اس حملے کے نتیجے میں متعدد بے گناہ شہری شہید ہوئے، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل تھے۔

پاکستان نے "آپریشن بنیان مرصوص” کے تحت جارحیت کا جواب دیا، جس میں مکمل احتیاط اور نپی تلی حکمت عملی کے ساتھ کارروائی کی گئی تاکہ حالات مزید بگڑنے سے روکے جا سکیں۔

اسی نازک مرحلے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سفارتی محاذ پر کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے اسلام آباد اور نئی دہلی سے براہِ راست اور مسلسل رابطے قائم کیے، جن کے نتیجے میں کشیدگی میں کمی آئی اور ایک ممکنہ جنگ ٹل گئی۔ اگر یہ جنگ چھڑتی، تو اس کے اثرات نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا پر مرتب ہو سکتے تھے۔

اعلامیے کے مطابق حکومتِ پاکستان نے صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کی حمایت کو بھی سراہا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ کشمیر کا دیرینہ تنازع خطے میں پائیدار امن کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، جس کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

صدر ٹرمپ کی قیادت میں کی گئی سفارتی کوششوں کو نہ صرف جنوبی ایشیا میں بلکہ مشرقِ وسطیٰ میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ایران سے بڑھتی ہوئی کشیدگی اور غزہ میں انسانی بحران کے باعث فوری اور سنجیدہ سفارتی اقدامات کی ضرورت ہے۔

حکومتِ پاکستان کو یقین ہے کہ صدر ٹرمپ کی امن کی کاوشیں عالمی سطح پر استحکام اور تعاون کو فروغ دیں گی، اور نوبل امن انعام کی یہ نامزدگی اُن کے عملی اقدامات کا ایک بین الاقوامی اعتراف ہو گی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button