مہاجر ہونا جرم نہیں، ایک کرب ناک مجبوری ہے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ورلڈ ریفیوجی ڈے پر پیغام
لاہور (نیوز ڈیسک) – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یومِ پناہ گزیں (World Refugee Day) کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ "مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں، یہ ایک کرب ناک مجبوری ہے، جسے کوئی بھی شوق سے اختیار نہیں کرتا۔”
انہوں نے کہا کہ زندگی بچانے کے لیے لوگ اپنا آنگن، اپنی چھت اور اپنی مٹی چھوڑنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ "کوئی بھی انسان خوشی سے پناہ گزیں نہیں بنتا،” انہوں نے کہا۔
مریم نواز نے دنیا بھر کے مہاجرین کی حالتِ زار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگیں تو ختم ہو جاتی ہیں، لیکن مہاجرین کی بے گھری نسلوں تک ان کا پیچھا نہیں چھوڑتی۔ فلسطین، شام اور دیگر جنگ زدہ علاقوں کے دربدر افراد پوری انسانیت کے ضمیر پر سوالیہ نشان ہیں۔
پاکستان، مہاجرین کی میزبانی میں دنیا کے لیے مثال
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پاکستان کی طرف سے مہاجرین کے لیے کیے گئے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مظلوموں کی آواز بن کر لاکھوں پناہ گزینوں کو باعزت پناہ دی، چاہے وہ افغان مہاجرین ہوں یا دیگر خطوں کے متاثرین۔
"پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود فراخ دلی سے مہاجرین کی میزبانی کی ہے، ہم ان کی فلاح کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے،” مریم نواز نے یقین دہانی کروائی۔
دنیا کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "پناہ مانگنے والا مظلوم ہوتا ہے، کمزور نہیں۔ دنیا کو اس احساس کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔”
انہوں نے عالمی امن، انسانیت کے احترام اور ظلم کے خاتمے کی دعا کرتے ہوئے کہا:
"میری دعا ہے کہ دنیا میں امن قائم ہو، ظلم کا خاتمہ ہو، اور ہر انسان کو سکون، تحفظ اور عزت کے ساتھ جینے کا حق نصیب ہو۔”






